گیارہ ممالک نے ایران سے تیل کی خریداری کم کردی، ہیلری کلنٹن

hillary clinton

hillary clinton

امریکہ : (جیو ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی پابندیوں سے ایران متاثر ہوا ہے۔ گیارہ ممالک نے تہران سے تیل کی خریداری کم کردی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ایران کے خلاف عالمی اقتصادی پابندیاں موثر ہیں۔ بلجیم، جمہوریہ چیک، فرانس، جرمنی، یونان، اٹلی، جاپان، ہالینڈ، پولینڈ، اسپین اور برطانیہ نے ایران کیخلاف اقتصادی پابندیوں پر عمل شروع کردیا ہے۔

ہیلری کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف عالمی اقتصادی پابندیاں اور سفارتکاری کام کررہی ہے۔ جوہری تنازع پر ایران کو حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت نے ایران سے تجارت اور تیل کی خریداری بند نہ کی تو دونوں ممالک امریکی پابندیوں کے زد میں آسکتے ہیں۔

دوسری جانب براک اوباما نے مطالبہ کیاہے کہ ایرانی حکومت عوام سے الیکٹرانک رابطوں پر پابندی ختم کرے۔ امریکا ایرانی عوام سے رابطے میں رہنا اور ان سے مذاکرات کرنا چاہتاہے۔انہوں نے کہاکہ ان تمام کوششوں کا مقصد ایرانی عوام کو باخبر رکھنا ہے کہ امریکا تہران سے تعلقات اور عوام کی بہتری کیلئے کیا کررہاہے۔