گینی بیساؤ میں فوج نے بغاوت ناکام بنا دی ، چھ باغی ہلاک

Guinea Bissau

Guinea Bissau

گینی بیساؤ (جیوڈیسک) گینی بیساؤ کے دارالحکومت میں فوج نے بغاوت کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چھ باغیوں کو ایک ایئر بیس کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ، فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ بغاوت میں سابق حکومت کے حامیوں کا ہاتھ ہے۔ فوج کے مطابق باغیوں نے دارالحکومت بساؤ سے سات کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر برا میں ایک ایئر بیس پر حملہ کیا تاہم تین گھنٹے کی لڑائی کے بعد ان کی بغاوت کو ناکام بنا دیا گیا۔

فوجی ذرائع نے بتایا کہ باغی کلاشنکوف سے فائرنگ کرتے ہوئے پسپا ہوئے اور ایئربیس کے قریب ایک عمارت میں محصور ہو گئے، سرکاری فورسز نے عمارت پر راکٹ فائر کیے اور دستی بموں سے حملہ کیا جس میں متعدد باغی مارے گئے، خبر رساں ایجنسی کے نمائندے کے مطابق عمارت کے قریب چھ لاشیں پڑی تھیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ناکام بغاوت کے بعد فوج نے بساؤ کے مخلتف علاقوں میں چیک پوائنٹس قائم کر کے تلاشیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، واضح رہے کہ گینی بساؤ نے انیس سو چوہتر میں پرتگال سے آزادی حاصل کی تھی۔