ہالینڈ : اسلام مخالف توہین آمیز امریکی فلم کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جاوید عظیمی

ہالینڈ (پ۔ر) خاتم الانبیاء سید المرسلین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی غرض سے بنائی جانے والی اسلام مخالف توہین آمیز امریکی فلم کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی نے کہا اس بے ہودہ فلم بنانے کا مقصد صرف اور صرف ہم تمام مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ ساتھ ہمارے جذبات اور ایمان سے کھیلنا ہے اس سلسلے میں ایک عرصے سے بڑے پیمانے پر مختلف ممالک سے سازشیں کی جا رہی ہیں جو بین الاقوامی قوانین کی سرا سر خلاف ورزی ہے ان سازشوں کے خلاف تمام مسلمان اسلامی ممالک کی تنظیمات کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنی آواز کو بلند کرنا ہو گا اور ہمہ گیر پیمانہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہو گا اور اس بے ہودہ پروپگنڈہ کے خلاف موثر اہم اقدامات اور فیصلے کرنے ہوں گے۔

حاجی محمد جاوید عظیمی نے مزید کہا ہم سب مسلمانوں کا اور تمام اسلامی ممالک کے سربراہان کا مشترکہ فیصلہ ایک قرار داد کی صورت میں امریکہ سے ایک ہی مطالبہ ہونا چاہیے کہ مذکورہ توہین آمیز بے ہودہ فلم بنانے والی پوری ٹیم کے خلاف سخت ترین کاروائی کرکے عبرت ناک سزا دی جائے اور آئندہ کسی بھی نبی کی شان میں گستاخی نہ کرنے کا قانون بھی بنایا جائے۔