ہماری راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسٹیبلشمنٹ ہے۔ فضل الرحمان

Fazal ur Rehman

Fazal ur Rehman

قلات : (جیو ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسٹیبلشمنٹ ہے۔

قلات کے میر احمد یار خان اسٹیڈیم میں جے یوآئی کے زیر اہتمام اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران نیٹو سپلائی کے معاملے پر تمام مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کریں امریکہ ڈالرز کے نام پر ہمیں بلیک میل کرنا چاہتا ہے نیٹو سپلائی کے حوالے سے حکومت کے پاس پارلیمنٹ کے طے کردہ طریقہ کار کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے آئین میں غیر اسلامی ترامیم کا راستہ روکا، ہماری راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسٹیبلشمنٹ ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کاکہنا تھا کہ بلوچستان میں مسائل کا حل گولی کے بجائے بولی کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔

اسلام زندہ باد کانفرنس سے ڈاکٹر خالد محمود سومرو مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولانا عبدالواسع، حافظ حمداللہ، سید محمد فضل آغا اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ قلات کی تاریخ میں یہ جمعیت علماء اسلام کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہے جس میں قلات کے علاوہ بلوچستان کے دیگر علاقوں اور اندرون سندھ سے بھی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔