ہماری شرافت دامن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے :پروفیسر حافظ عبدالستار حامد

گجرات (جی پی آئی) ہماری شرافت دامن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، 14اکتوبر تک ڈاکٹر طاہر عاصم شہید کے قاتل شکنجے میں نہ لیے گئے تو گوجرانوالہ ڈویژن بھر کی ہزاروں مساجد میں یوم احتجاج منایا جائیگا اور بھرپور آوازاحتجاج بلند کی جائے گی ، اور یہ سلسلہ ملک بھر میں پھیل جائے گا ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہلحدیث صوبہ پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبدالستار حامد نے مولانا حافظ طارق محمود یزدانی امیر ضلع گجرات کی زیر صدارت شاہین چوک گجرات میں ڈاکٹر محمد طاہر عاصم شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے منعقدہ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، امیر ضلع حافظ طارق محمود یزدانی نے کہا کٹ سکتے ہیں ، مر، مٹ سکتے ہیں ، توحید و سنت کا آوازہ بلند کرنے سے باز نہیں رہ سکتے ۔

قرآن و سنت کی بالا دستی کیلئے ہم جرأت مندانہ سینہ تان کر گولیاں کھانے والے ہیں ، بزدل اور کمینے دشمن نے چھپ کر پیچھے سے وار کیا ، گجرات شہر کے امیر چوہدری بشیر احمد نے کہا اگر انتظامیہ مصلحتوں سے کام لے گی تو ایسی دہشت گردی پھیلے گی جو ناقابل برداشت ہو گی ، ضلعی ناظم تبلیغ مولانا حافظ انعام اللہ نے کہا ایک عالم دین کا قتل ایک جہان کا قتل ہے اور وہ خطبہ جمعتہ جیسے مقدس مشن پر نکلے شہادت کا اعزاز پا کر کامیابی کی منزل کو پا گئے ، مولانا محمد ابراہیم خلیل نے کہا ڈاکٹر محمد طاہر عاصم شہید اللہ رب العزت کی وحدانیت کے علمبردار ، سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شیدائی ، اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فدائی اور شریعت مطہرہ کے بے باک ترجمان تھے ، ضلعی ناظم نشر و اشاعت حافظ عبدالوہاب عابد نے کہا وہ دین اسلام انتھک مبلغ اور سچے محب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے ، اہلحدیث یوتھ فورس ضلع گجرات کے صدر ذوالفقار فاروقی نے کہا ڈاکٹر محمد طاہر عاصم شہادت کے بلند منصب پر فائز ہوئے ، ضلعی جنر سیکرٹری حافظ محمد شعیب نے کہا کہ ان کی مسلکی ، تبلیغی و تدریسی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، اڑھائی گھنٹے تک شاہین چوک پر ٹریفک مکمل طور پر بند رہی۔