نوشہ پور شریف کی فضائیں درود و سلام سے معطر ہو گئیں

گجرات (جی پی آئی) نوشہ پور شریف کی فضائیں درود و سلام سے معطر ہو گئیں ، ہزاروں افراد بیک وقت درود و سلام اور نعرہ تکبیر کی گونج میں آستانہ عالیہ نوشہ پور شریف میں غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی محبوب سبحانی کے عرس مبارک میں شریک ہوئے اور عالمی مبلغ اسلام پیر سید معروف حسین شاہ عارف نوشاہی کی زیارت سے بھی مستفید ہوئے ، نوشہ پور شریف میں ہونے والے عرس مبارک کی محفل میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مبلغین ، علمائے کرام ، پیران کرام ، نعت خوان اور قاری حضرات نے شرکت کی ، عرس مبارک کی تقریبات کی صدارت عالمی مبلغ اسلام پیر سید معروف حسین شاہ عارف نوشاہی نے کی اس موقع پر تلاوت کلام پاک کا شرف قاری کرامت اللہ نعیمی نے حاصل کیا ۔

نقابت کے فرائض مبلغ اسلام حضرت علامہ محمد حنیف ساقی آف انگلینڈ نے سرانجام دئیے ، خصوصی خطاب محقق دوراں مفتی محمد انصر القادری آف انگلینڈ ، پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی انگلینڈ نے کیا ، اس موقع پر مولانا لیاقت حسین نوشاہی انگلینڈ ، الحاج خلیفہ عدالت خان نوشاہی ہالینڈ ، الحاج قاری عبدالقیوم الفت نوشاہی انگلینڈ ، حافظ عبدالقادر نوشاہی ، علامہ ضیاء المصطفیٰ حکانی ، قاری محمد افضل ضیاء ، چوہدری نثار احمد نوشاہی ، قاری محمد شفیع نوشاہی و دیگر علمائے کرام نے بیان کیا اور ہدیہ نعت پیش کیا ، لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا ، اختتام پر نو خوش نصیبوں کو عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی دئیے گئے۔