ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جا رہا ، رضا ہارون

Raza Haroon

Raza Haroon

ایم کیو ایم کے راہنماء رضا ہارون نے کہا ہے کہ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جارہا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون کا کہنا تھا کہ پاپولر مینڈیٹ کو غیر جمہوری طریقے سے حاصل کرنے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی بد امنی عمل درآمدکیس میں سپریم کورٹ بینچ کے ایک جج کے ریمارکس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ بینچ کے ایک جج نے ریمارکس میں کہا کہ کراچی کی حلقہ بندیاں اس طرح کی جائیں کہ کسی ایک جماعت کی اجارہ داری نہ ہو۔

رابطہ کمیٹی کے مطابق یہ ریمارکس غیر آئینی، متعصبانہ اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کی کھلی توہین کے مترادف ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے صدر، چیف جسٹس اورغیر جانبدار ججزسے مطالبہ کیاہے کہ جج کے ریمارکس کا نوٹس لیا جائے۔