ہمیں جنرل پاشا کی مدد کا طعنہ دینے والے بے نقاب ہوگئے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جو لوگ ہماری پارٹی کو آئی ایس آئی اور جنرل پاشا کی پشت پناہی کا طعنہ دیتے تھے، وہ بے نقاب ہو گئے، نواز شریف نے 35 لاکھ اور شہباز شریف نے 25 لاکھ روپے لئے، 35 لاکھ کواگر اس وقت کے ڈالر کے ریٹ میں تبدیل کیا جائے تو 5کروڑ روپے بنتے ہیں۔ لاہورمیں سونامی ممبر شپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے نے ثابت کردیا کہ آئی ایس آئی سے پیسے لینے والے کون ہیں اور کس جماعت کو آئی ایس آئی نے بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی جنگ میں شریک ہونے کا پاکستان کو نقصان ہوا، اس جنگ سے نکل آئیں تو 8 لاکھ مسلح قبائلی پاکستان کا دفاع کریں گے اور چیلنج کرتا ہوں کہ کسی آپریشن کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے ملٹری آپریشن کریں گے، اتنے ہی مسائل بڑھیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھ کر کرنا چاہئے، بیرون ملک اثاثے بنانے کیلئے نہیں۔