ہیلری کلنٹن آج پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملیں گی

clinton

clinton

اسلام آباد : ہیلری کلنٹن آج پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملیں گی، امریکی وزیرخارجہ کہتی ہیں افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان امریکا کا ساتھ دے یا مسائل کا حصہ بن جائے۔ امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے پاکستانی سرحد سے افغانستان میں بڑھتے ہوئے حملوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے پاکستانی سرزمین پر دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ خطے میں امن کیلئے پاکستان کو امریکا کا ساتھ دینا ہوگا۔ غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں امریکی وزیرخارجہ نے ایڈمرل مائیکل مولن کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پاکستان کے سیکورٹی اداروں اور حقانی نیٹ ورک کے روابط ہیں۔
انہوں نے کہا افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان کو چاہئے وہ امریکا کا ساتھ دے یا پھر مسائل کا حصہ بن جائے۔ امریکا جس طرح کا تعاون چاہتا ہے وہ پاکستان کے مفاد اور اس کی داخلی سلامتی کیلئے ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا القاعدہ کے خلاف جنگ میں پاکستان کافی مددگار ثابت ہوا۔ ایسا ہی تعاون حقانی نیٹ ورک کے خلاف بھی درکار ہے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کابل میں امریکی سفارتخانے پر حملے اور دیگر واقعات سے ثابت ہوتا ہے حقانی نیٹ ورک امریکی مفادات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ان کے محفوظ ٹھکانے پاکستان میں افغان سرحد کے قریب ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا پاک افغان سرحد کی دونوں جانب دہشتگردوں کے ٹھکانے قابل برداشت نہیں۔