15 مارچ کو مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی اور جموں وکشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس ہو رہا ہے

بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)15مارچ کو مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی اور جموں وکشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس ہو رہا ہے اس اجلاس میں مقبول بٹ شہید اور افضل گورو کا جسد خاکی ورثاء کے حوالے کرنے کی متفقہ قرارداد منظور کی جائے اور اقوام عالم سے بھی اپیل کی جائے کہ وہ بھی بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ دونوں شہداء کے جسد خاکی کی ورثاء کو حوالگی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کو تقویت حاصل ہو سکے۔

ان خیالات کااظہار مرکزی صدرکشمیر فریڈم موومنٹ انجینئر خالد پرویز بٹ ،غلا م حسین صدر کشمیر فریڈم موومنٹ یوکے ،چوہدری ستاء القمر نائب صدر و سفارتی شعبہ کینیڈا کشمیر فریڈم موومنٹ نے ویڈیولنک کے ذریعے کارکنان موومنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت ہمارا پیدائشی حق ہے جب تک ہمیں ہمارا پیدائشی حق آزادانہ رائے شماری کے ذریعہ نہیں لے دیا جاتا تحریک حریت جاری رہے گی۔

برصغیر پاک و ہند میں بھی اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین نے بھی انگلینڈ سے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر فریڈم موومنٹ مقبول بٹ شہید کے جسد خاکی کی ورثاء کے حوالے کرنے کی پہلے ہی یورپی یونین میں بھی تحریک چلا رہی ہے۔

ہم نے آزادکشمیر کے اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر کو بھی باقاعدہ قرارداد کے حوالہ سے خط لکھا ہو اہے اسلیے ہمیں امید ہے کہ آزادکشمیر اسمبلی اور کشمیر کونسل مشترکہ اجلاس میں قراردادیں پاس کرکے محب وطن ہونے کا عملی ثبوت عوام کے سامنے پیش کرینگے۔