3 ہمدردوں کے قتل پر ایم کیو ایم کا آج سندھ میں یومِ سوگ کا اعلان

MQM Mourning Day

MQM Mourning Day

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں 3 ہمدردوں کے قتل پرایم کیو ایم کا آج سندھ میں یومِ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سوگ کے موقع پرامتحانات ملتوی، تعلیمی ادارے بند اور ٹرانسپورٹرز گاڑیاں نہیں چلائیں گے۔ کراچی کے علاقے ملیر سے ملنے والی 3 لاشوں کے ہمراہ لواحقین نے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے وزیر اعلی ہاوس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ جبکہ ایم کیو ایم نے واقعہ کے خلاف سندھ میں آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

موثر حکومتی یقین دہانی نہ ہونے پر ایم کیو ایم نے سوئم کے بعد قاتلوں کی گرفتاری تک دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملیر کے علاقے میمن گوٹھ سے ملنے والی لاشوں کے ورثا میتوں کے ہمرا ہ انصاف کی فراہمی اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے وزیراعلی ہاوس کے باہر احتجاج کیا۔ اور کئی گھنٹے تک دھرنا دیا۔ احتجاجی دھرنے میں ایم کیو ایم کے رہنماوں اور کارکنوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہدا کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے اور سندھ حکومت گینگ وار کے دہشت گردوں سے اظہار لا تعلقی کر کے انہیں گرفتار کرے۔ وزیر اعلی ہاوس کے باہر کئی گھنٹے جاری رہنے کے بعد لواحقین اور ایم کیو ایم کے رہنماوں نے اعلان کیا کہ اگر قاتل گرفتار نہ کئے گئے تو شہدا کے سوئم کے بعد قاتلوں کی گرفتاری تک وزیر اعلی ہاوس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔ کارکنوں اور ہمدردوں کی لاشیں ملنے اور تاجروں سے بھتہ خوری اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیوں کے خلاف ایم کیو ایم نے جمعرات کو سندھ بھر میں یوم سوگ کی اپیل کی ہے۔