عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں نے ابھی تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا

لاہور : پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھر کی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں نے ابھی تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے آج قوم موجودہ حکمرانوں سے بھی مکمل طور پر مایوس ہو چکی ہے۔

لوڈشیڈنگ میں کمی باتوں سے نہیں عملی اقدامات سے ہو گی، کرپشن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکمرانوں کو سخت فیصلے کرنا ہونگے، پیپلز پارٹی حکمرانوں کو انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے یاد دلاتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب بڑا مسئلہ کرپشن اور دہشتگردی ہے اور اگر ماضی کی غلطیوں سے سبق نہ سیکھا تو ملک میں دونوں مسائل حل نہیں ہو سکیں گے بلکہ ان میں اضافہ ممکن ہے۔ پنجاب حکومت تھانہ کلچر کے خاتمے کیلئے آئے روز نئے تجربے کرتی ہے لیکن تھانہ کلچر کا خاتمہ کسی تجربے سے نہیں ہوگا۔