عدنان سمیع سے ہمدردی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین اُشنا شاہ پر برس پڑے

Adnan Sami

Adnan Sami

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) گلوکار عدنان سمیع خان کو پاکستان سے تعلق یاد دلانے اور ان کے ساتھ ہمدردی دکھانے پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ٹی وی اداکارہ اُشنا شاہ پر برس پڑے۔

اداکارہ اشنا شاہ نے اپنی ٹوئٹ میں گلوکار عدنان سمیع کی مشہور حمد ’’اے خدا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے عدنان سمیع خان کی حمد سنی اور عدنان سمیع خان کے پاکستان سے متعلق خیالات پر افسوس ہوتا ہے۔ عدنان سمیع آپ خدا کی طرف سے دیا ہوا تحفہ ہیں، خدا نے آپ کو قابلیت سے نوازا ہے آپ کو محبت پھیلانی چاہئیے لوگوں کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔

اشنا شاہ کی اس ٹوئٹ پر عدنان سمیع نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا میں ہر اس شخص سے پیار کرتا ہوں اور اس کی عزت کرتا ہوں جو ملک، ذات یا نسل سے قطع نظر میری عزت کرتا اور مجھ سے پیار کرتا ہے۔

تاہم پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کو اشنا شاہ کا عدنان سمیع کو پاکستان سے تعلق یاد دلانا اور ان کے ساتھ ہمدردی جتانا کچھ زیادہ پسند نہیں آیا اور صارفین نے اشنا کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کس طرح عدنان سمیع پاکستان مخالف ٹوئٹس کرتے رہے ہیں۔

اکرام حسین نامی شخص نے کہا میڈم آپ اس شخص سے اتحاد کی توقع کررہی ہیں جس نے اس ملک کی مخالفت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عدنان سمیع آج جو کچھ ہے وہ پاکستان کی وجہ سے ہے مجھے حیرت ہوتی ہے ان لوگوں پر جو یہاں پیدا ہوئے، یہاں پلے بڑھے یہاں ملنے والے تمام حقوق سے لطف اندوز ہوئے لیکن جب سستی شہرت ملی خود غرض ہوگئے۔

آصف شیخ نے نہایت جلے بھنے انداز میں کہا معاف کیجئے گا میڈم عدنان سمیع میں کوئی ٹیلنٹ نہیں ہے۔

لیاقت علی نامی صارف نے نہایت غصے بھرے انداز میں لکھا عدنان ٹھاکرے کے چرنوں میں بیٹھ جا( عدنان سمیع کے قدموں میں بیٹھ جاؤ)۔

ایک صارف نے اشنا شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ اس طرح کے ٹوئٹس کرکے عدنان سمیع کا دل تو نہیں بدل سکتیں۔ جب کہ انعام فاضل نے لکھا اتنی عزت سے بات وہ بھی اس بندے کے لیے غداروں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں۔