افغان شہریوں کی اکثریت طالبان کنٹرول کی مخالف

Afghan Civilians

Afghan Civilians

کابل (جیوڈیسک) افغان شہریوں کی اکثریت نے امریکی فوجی انخلاء کے بعد طالبان کنٹرول کی مخالفت کر دی۔ 12.7 فیصد مرد اور 1.6 فیصد خواتین طالبان کی واپسی کے حامی نکلے۔

افغان شہریوں کی اکثریت نے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد طالبان کنٹرول کی مخالفت کر دی ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ جمہوری حکومت کامیابی سے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لے گی۔

ایک امریکی کنسلٹنگ فرم کے سروے میں یہ حیرت انگیز بات سامنے آئی ہے کہ 80 فیصد افغان شہریوں کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کے انخلاء کے بعد نئی جمہوری حکومت ملک کا کنٹرول سنبھال سکتی ہے۔ انھوں نے افغان فوج اورپولیس پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ ملک کی 80 فیصد اکثریت نے طالبان کی واپسی کو بھی رد کر دیا ہے۔ صرف 12.7 فیصد مردوں اور 1.6 فیصد خواتین نے طالبان کی واپسی کی حمایت کی۔

تاہم بڑی تعداد میں افغان شہری طالبان کیساتھ امن مذاکرات کے حامی ہیں۔ سروے کے مطابق شمالی افغانستان کے 73 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ عشرے کی جمہوری دور میں ان کی زندگیوں میں بہتری آئی ہے جبکہ جنوبی افغانستان کے صرف 29 فیصد افراد نے کہا کہ ان کی زندگی میں بہتری آئی ہے۔

سروے میں 3038 مردوں اور 1180 خواتین کی رائے لی گئی۔ اسی ادارے کے ایک ٹیلی فونک سروے میں 68 فیصد افغانوں نے امریکا کے ساتھ معاہدے کی حمایت بھی کی ہے۔