اعتزاز احسن کا اپنی قیادت کو پی ڈی ایم پر اعتبار نہ کرنے کا مشورہ

 Aitzaz Ahsan

Aitzaz Ahsan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو پی ڈی ایم پر اعتبار نہ کرنے کا مشورہ دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے پیکا پر بات کرتے ہوئے کہا فیک نیوز اور غلط خبر میں فرق ہے، پیکا قانون کو صحیح زاویے سے نہ دیکھا گیا تو اس کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ویڈیو کا بتائیں مگر عدالت میں پیش نہ کریں، یہ فیک نیوز ہے، فیک نیوز خود ساختہ ہوتی ہے جن میں ثاقب نثار، ملک ارشد اور رانا شمیم کے بیان شامل ہیں،لیبارٹری کی رپورٹس نواز شریف کو لندن لے گئی، یہ فیک نیوز ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پیکا قانون تو ٹھیک ہےتاہم صحافی کو تحفظ ملنا چاہیے، صحافی غلطی بھی کرسکتا ہے، فیک نیوز میں جھوٹی خبر بنانے کی نیت ہونی چاہیے، حکومت کی نیت لگتی ہے کہ یہ قانون مخالفین کو دبانے کے لیے ہے۔

تحریک عدم اعتماد کےحوالےسے ان کا کہنا تھا اپوزیشن ارادہ کرلے تو اکثریت بن جائے گی، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سچے دل کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہیں تاہم ان کا اپنے پارٹی رہنما کو مشورہ ہےکہ ان پر اعتبار نہ کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ نواز شریف کو واپس لانا حکومت کے بس میں نہیں۔