العبدیہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 150 حوثی جنگجو ہلاک اور زخمی

Houthi Rebels

Houthi Rebels

العبدیہ (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحادی فوج نے بتایا ہے کہ یمن کی مآرب گورنری کے علاقے العبدیہ میں حوثی ملیشیا کی پیش قدمی روکنے کے لیے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم 38 فضائی حملے کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں 150 شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

عرب اتحاد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ حوثی ملیشیا کی 13 گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں جب کہ ڈیڑھ سو کے قریب حوثی عناصر مارے گئے یا زخمی ہوئے ہیں۔

عرب اتحاد نے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں پر زور دیا کہ وہ کئی ہفتوں سے حوثیوں کے محاصرے میں گھرے العبدیہ کے یمنیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

درایں اثنا یمنی وزیر خارجہ احمد بن مبارک نے اقوام متحدہ کی ایمی گریشن مشن کی سربراہ کریسٹا رونچنٹائنز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ مآرب میں حوثی ملیشیا کی طرف سے جاری جارحیت کے شہری آبادی کے لیے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی طرف سے مآرب گورنری پر فوج کشی سے پہلے سے وہاں پر موجود دو ملین پناہ گزینوں کی مشکلات اور مصائب میں اور بھی اضافہ ہو جائے گا۔