تمام ممالک متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں: گورنر پنجاب

Chaudhry Mohammad Sarwar

Chaudhry Mohammad Sarwar

لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تمام ممالک متحد ہو کر دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا کیونکہ کوئی مذہب بھی انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔

گورنر ہاؤس میں بھارت سے آئے کلکتہ پریس کلب کے صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک بہت بڑا چیلنج ہے عالمی برادری کو اس چیلنج پر قابو پانے کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کے عوام باہمی تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پارٹی منشور میں واضح طور پر بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں غربت، تعلیم کی کمی اور صاف پانی جیسی سہولتوں کا فقدان ہمارے دشمن ہیں ان مسائل پر قابو پانے پر وسائل خرچ کرنے چاہیں نہ کہ اپنے وسائل کا استعمال ہتھیاروں کی خریداری کے لئے کیا جائے۔