علامہ ناصر عباس جعفری کی بنوں میں 20 سے زائد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے بنوں میں 20 سے زائد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردوں کیطرف سے سیکیورٹی فورسز کے دستے پر حملے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن دشمن عناصر کیخلاف سوائے فوجی آپرشن کے کوئی دوسرا حل موجود نہیں، جو لوگ مذاکرات کا مسلسل راگ الاپ رہے ہیں وہ قوم کو بتائیں کہ آخر کب تک ہم لاشیں اٹھاتے رہیں گے۔

افسوس ہے ان سیاسی و مذہبی رہنماؤں پر جو ہر واقعہ کے بات مذاکرات مذاکرات کرتے دکھائی تو دیتے ہیں لیکن طالبان کے اس عمل کی مذمت تک نہیں کرتے۔ دہشتگرد اس وطن کے خلاف متفق ہو چکے ہیں لیکن قومی رہنماوں کی سوچ تقسیم ہے۔

آخر کب ان رہنماؤں کو ہوش آئے گا؟، کبھی ان دہشتگردوں کے ہاتھوں معصوم صحافی نشانہ بن رہے ہیں تو کبھی سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہو رہے ہیں، جن درندہ صفت لوگوں سے مساجد اور مقدس مقامات محفوظ نہیں ان سے مذاکرات کی باتیں ہر باوفا شہری کی سمجھ سے بالااتر ہیں، پوری قوم مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فی الفور نام نہاد طالبان کے خلاف آپریشن کا اعلان کرے۔