فاٹا میں ماربل سٹی کے قیام سے معیشت میں بہتری اور روزگار کے مواقع فراہم ہونگے

پشاور(این این اے) فاٹا میں ماربل سٹی کے قیام سے معیشت میں بہتری اور روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔ خیبر پختونخوا بالخصوص فاٹا اور پاٹا کے صنعتکار معیشت کی بہتری قیام امن اور روزگاری کی فراہمی کیلئے آگے بڑھیں۔ فاٹا میں ماربل سٹی کے قیام سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فاٹا میں انڈسٹریل اسٹیٹ وجود میں آیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف فاٹا بلکہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی لوگوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔

یہ بات ٹرائبل ایریاز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر و گورنر خیبر پختونخوا کے ایڈوائزر شاہد الرحمن نے ٹرائبل چیمبر میں مقامی صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ٹرائبل ایریاز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحیم بابو بھی موجود تھے۔ وفد کے شرکاء نے شاہد الرحمن کو ماربل سٹی میں کارخانہ داروں کو پلاٹ دینے اور دیگر مشکلات بارے آگاہ کیا۔

جس پر ٹرائبل ایریاز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر و گورنر خیبر پختونخوا کے ایڈوائزر شاہد الرحمن نے وفد کو بتایا کہ ماربل سٹی کے افتتاح کے دورانمقامی مشران و صنعتکاروں کے مطالبہ پر گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان نے متعلقہ محکموں کو اس بارے ہدایت کی تھی۔ انہوں نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا فاٹا اور پاٹا کے صنعتکاروں نے جس طرح ماربل سٹی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

انشاء اللہ یہاں کارخانے شروع ہونے سے نہ صرف مقامی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ بیروزگاری کے خاتمے کیساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے بھی مثبت ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا چونکہ خود بھی فاٹا کے ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھنے کیساتھ ساتھ خود بھی ایک صنعتکار ہیں اور صوبے و بالخصوص فاٹا و پاٹا کے صنعتکاروں کی ترقی اور صوبے کی معیشت کی بہتری ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

شاہد الرحمن نے صنعتکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آگے آئیں اور حکومتی وژن کے مطابق ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔ اس موقع پر ٹرائبل ایریاز چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری کے صنعتکاروں نے گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی کاوشوں کی وجہ سے مختصر عرصہ میں بجلی’ سیوریج اور سڑکوں سمیت دیگر سہولیات سے آراستہ ماربل سٹی کا قیام عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ماربل سٹی پر کارخانہ داروں نے فوراً کام شروع کرنے کا اعادہ بھی کیا۔