لندن پولیس کی بانی ایم کیو ایم سے 2 گھنٹے تک تفتیش، گھر کی تلاشی مکمل

Altaf Hussain

Altaf Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانوی پولیس نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے 2 گھنٹے تک تفتیش کی۔

بانی ایم کیو ایم سے تفتیش گزشتہ رات برطانوی وقت کے مطابق رات 10 تا 12 بجے تک کی گئی اور اس دوران لندن پولیس نے ان سے جو سوالات کیے ان کا الطاف حسین نے کوئی جواب نہیں دیا۔

بانی ایم کیو ایم نے صرف اپنا نام، تاریخ پیدائش اور گھر کا پتا پولیس کو کنفرم کیا جب کہ دورانِ تفتیش الطاف حسین کے وکلا بھی ان کے ساتھ تھے۔

اس کے علاوہ پولیس نے بانی ایم کیوایم کے گھر اور ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کی تلاشی مکمل کرلی ہے جہاں سے الطاف حسین کی تقاریر سے متعلق مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب لندن پولیس نے بانی ایم کیوایم کو مزید 12 گھنٹے حراست میں رکھنے کی درخواست دے دی ہے۔

الطاف حسین کی 24 گھنٹے کے لیے حراست کا وقت پورا ہونے کے بعد انہیں مزید حراست میں رکھا جائے گا جس کے لیے درخواست ساؤتھ ورک پولیس اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ نے دی ہے۔