الطاف حسین کا کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

Altaf Hussain

Altaf Hussain

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ روز سے آج صبح تک لیاری کے علاقے میں لیاری گینگ کے دہشت گردوں کی جانب سے کچھی برادری کے بے خانماں برباد قافلوں کی انکے گھروں کی دوبارہ آباد کاری کے بعد ان کے گھروں، محلوں پر جدید ترین اسلحہ سے فائرنگ، راکٹ لانچروں سے حملوں اور بموں سے دھماکوں کی سخت ترین حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ناکام ہو چکی ہے وزیراعظم نواز شریف کراچی کو فوج کے حوالے کریں۔ الطاف حسین کی جانب سے لندن سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کراچی کا انتظام فوج کے حوالے کریں، اب کراچی کے نہتے اورمظلوم عوام اور تاجر برادری صرف فوج کی طرف آخری امید کی نگاہ لگائے بیٹھے ہیں، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کو کینگ وار سے نجات دلانے میں ناکام ہو چکی ہے۔

لیاری میں دہشتگردوں کے حملوں میں متعدد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کچھی برادری پر حملے کر کے ان کی خوشیوں کو خاک میں ملا دیا گیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ شورش زدہ علاقے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس طرح غائب ہیں کہ جیسے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرے سے کراچی میں کوئی وجود ہی نہیں ہے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا وزیراعظم تاجربرادری کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے کراچی کے انتظام کو فوج کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کریں۔