الطاف حسین پر الزامات مسترد کرتے ہیں : رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے متحدہ کے قائد الطاف حسین پر الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں نائن زیرو پر پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر متحدہ کے رہنما فاروق ستار نے کراچی میں تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کی مذمت کی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے تمام واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ واقعہ کی صاف اور شفاف تحقیقات سے پہلے متحدہ کے قائد پر الزامات قابل قبول نہیں ہیں۔ الزام لگانے والوں نے سیاسی ناپختگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تحقیقات کے بغیر الزام لگانا بھی سازش کے مترادف ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وہ الزام عائد کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائیں گے اور ہرجانے کا نوٹس بھی بجھوائیں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ بے بنیاد الزامات بڑے سیاسی رہنماں کو ذیب نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کے اپنے جھوٹ بھی سامنے لائیں گے۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ قومی سیاست میں آنے والے رہنماں کو پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کو آگے بڑھانا ہے اور اگر الزامات کی سیاست جاری رہی تو نقصان ملک کا ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی ایسا عمل نہیں کرنا چاہئے جس سے ملک اور خاص طور پر کراچی کے حالات خراب ہوں۔