الطاف حسین کا پرامن یوم سوگ پر عوام کو خراج تحسین پیش

Altaf Husain

Altaf Husain

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں کے قتل اور بھتہ خوری کے خلاف سندھ بھر میں پرامن یوم سوگ پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب یوم سوگ کارکنان کی نسل کشی کے خلاف عوامی ردعمل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ کارکنوں کی نسل کشی، گمشدگی اوردہشت گردوں کی بھتہ خوری کے خلاف پرامن یوم سوگ کی اپیل پرسندھ بھرکے تاجروں، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز اور عوام نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

الطاف حسین نے کہاکہ قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے ذریعہ نہ تو حق پرست عوام کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں اورنہ ہی انہیں حق پرستی کی جدوجہد سے باز رکھاجاسکتا ہے۔انہوں نے کے لواحقین سے ایک مرتبہ پھر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مقتولین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطاکرے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے کی روح کے ایصال و ثواب کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں قرآن خوانی کی گئی ایم کیو ایم کی جانب سے قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ قرآن خوانی کے بعد کارکنان نے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں متحدہ کے کارکنان کی گرفتاریوں اور انتقامی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے دعا کی ۔