عرب اتحاد نے سعودی شہر خمیس مشیط کی جانب آنے والا حوثیوں کا بغیر پائیلٹ طیارہ مار گرایا

Colonel Turki al-Maliki

Colonel Turki al-Maliki

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحاد نے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی جانب آنے والے یمن کے حوثی شیعہ باغیوں کا چھوڑا گیا ایک بغیر پائیلٹ طیارہ مار گرایا ہے۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سوموار کے روز بتایا ہے کہ اس ڈرون میں بم لدا ہوا تھا اورایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے اس کے ذریعے جان بوجھ کر سعودی عرب کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔عرب اتحادی فورسز نے کامیابی سے اس کو جا لیا اور مارگرایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حوثیوں کے سعودی عرب کی شہری آبادی کی جانب بار بار حملے بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کی ننگی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اتحاد ایسے ہتھیاروں کو تباہ کرنے، ناکارہ بنانے اور شہریوں کو دہشت گردی کی ان کارروائیوں سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا اور اس عمل میں بین الاقوامی قانون کی پاسداری جاری رکھے گا۔

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے قبل ازیں ہفتے کی صبح یمن سے نجران کی جانب داغے گئے یمنی حوثیوں کے ایک بیلسٹک میزائل کو مار گرایا تھا۔کرنل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ اس تباہ شدہ میزائل کا ملبہ گرنے سے بعض شہری معمولی زخمی ہوگئے تھے لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔یہ بیلسٹک میزائل یمن کے شمالی شہر صعدہ سے داغا گیا تھا۔