ارامکو تنصیبات پر حملہ پوری دنیا کے خلاف جارحیت ہے:محمد بن سلمان

 Mohammed bin Salman

Mohammed bin Salman

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت کی آئل کمپنی ارامکو کی دو تنصیبات پر ہفتے کے روز کیے گئے حملے صرف سعودی عرب کے خلاف نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ”ایس پی اے” کے مطابق ولی عہد نے ان خیالات کا اظہار برطانوی وزیراعظم بوریس جانسن سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کیا۔ منگل کے روز مسٹر جانسن نےشہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کیا اور ان سے ارامکو حملوں اور اس کے بعد پیدا ہونےو الی صورت حال تبادلہ خیال کیا۔برطانوی وزیراعظم نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کو دہشت گردانہ اور تخریب کارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے بعقیق اور خریص میں تیل کی دو تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بارے میں برطانیہ کے اصولی موقف سے آگاہ کیا اور ان حملوں کے ذمہ داروں سے نمٹنے کے لیے سعودی قیادت کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ تیل تنصیبات پر تخریب کارانہ حملہ نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری دنیا کے خلاف جارحیت ہے۔ تیل تنصیبات پرحملوں میں ملوث قوتوں کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہو کرلڑنا ہوگا۔

ادھرآج بدھ کی شام کو سعودی وزارت دفاع ایک پریس کانفرنس کررہی ہے جس میں ارامکو حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کیے جائیں گے۔