مسلح افواج اور آئی ایس آئی پر حملوں کے ذمہ دار دہشتگردوں سے مذاکرات کے حامی ہیں

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے بیراج کالونی سکھر میں واقع آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردانہ حملے پر تشویش اور اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ دیانتداری، عزم وحوصلے اور جانفشانی سے تحفظ پاکستان کا فریضہ انجام دیتے ہوئے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی اور مشکل حالات، حادثات و آفات اور آزمائش کے اوقات میں بھی ہماری افواج پاکستان نے حکومت اور سول اداروں سے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے۔

جبکہ آئی ایس آئی نے وطن عزیز کو دشمنان اسلام و پاکستان کے ناپاک ارادوں اور سازشوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے مگرآج پاکستان کی سلامتی و حفاظت کے ضامن انہی اداروں اور ان کے اہلکاروں کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بناکر پاکستان کی بنیاد کمزور کی جارہی ہے مگر حب الوطنی کا راگ الاپنے اور جمہوریت کا چمپین بننے والے مسلح افواج و آئی ایس آئی پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے متحد ویکجا ہونے اور مسلح افواج کا ساتھ دینے کی بجائے آج بھی ملک و قوم کے دہشتگردوں کی طرفداری اور ان سے مذاکرات کی منافقانہ تجاویز کے ذریعے ان کے حوصلے بڑھانے اور فوج کا مورال تباہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

جو سراسر ملک و قوم دشمنی, مسلح افواج کیخلاف سازش اور غداری کے مترادف ہے اور اگر آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر حملے سمیت دہشتگردی کے دیگر واقعات کا ذمہ دار دہشتگردوں کی حمایت کرنے والے ان نام نہاد محب وطنوں کو قرار دیا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔