اسلحہ اسکینڈل کیس؛ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیرحیدر ہوتی کے بھائی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

Ghazan Hoti

Ghazan Hoti

پشاور (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے اسلحہ اسکینڈل کیس میں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی کے بھائی غزن ہوتی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ پشاور کی احتساب عدالت میں اسلحہ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر غزن ہوتی کے علاوہ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کے بیٹے ایمل ولی بھی موجود تھے، خیبر پختونخوا بار کونسل کی ہڑتال کے باوجود غزن ہوتی کی جانب سے قاضی جواد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر تحویل میں دیئے جانے کی درخواست کی گئی تاہم ملزم کے وکیل نے اس کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں ان کے موکل کو جیل بھیجا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد غزن ہوتی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ غزن ہوتی پر خیبر پختو نخوا پولیس کے لئے اسلحے کی خریداری میں 20 کروڑ روپے سے زائد رقم کے غبن کا الزام ہے اور وہ عبوری ضمانت پر تھے تاہم گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت منسوخ کردی تھی۔