آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا ، جس میں آرمی چیف کو صوبے، بالخصوص کراچی میں سکیورٹی صورتِ حال اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل میں سول انتظامیہ کی معاونت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کراچی میں اربن فلڈنگ سے تحفظ کی کاوشوں اور شہری سہولتوں کے موجودہ انفرا اسٹرکچر میں بہتری کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کور کی آپریشنل تیاریوں اور داخلی سلامتی یقینی بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے قیامِ امن کے لیے سندھ رینجرز کی خدمات اور قربانیوں کے ساتھ ساتھ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بعد میں آرمی چیف نے سندھ پولیس کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ انہوں نے سکیورٹی صورتِ حال کی بہتری میں سندھ پولیس کے کردار کو سراہا اور شہدا کے اہل خانہ سے بات کی اور انھیں پاک فوج کی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔