آرمی چیف کراچی کے عوام میں فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی سازش ناکام بنائیں محمد رئیس

کراچی اسٹاف رپورٹر پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ اپنے کردار سے خود کو ضامن تحفظ ِپاکستان ثابت کیا ہے اسی لئے قوم مسلح افواج کا احترام و اس پر بھرپور اعتماد کرتی ہے اور سرحدوں پر بھارتی جارحیت کے باجود عوام مطمئن ہیں کہ افواج پاکستان دشمنان وطن سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت جذبات اور حوصلہ رکھتی ہیں لیکن پاکستان کو لاحق اندورنی و بیرونی خطرات فوج اور عوام کے پروقار و بااعتماد رشتے کو مزید مستحکم بنانے کا تقاضہ کررہے ہیں۔

مگر ایک جانب سیاستدان پاکستان کے تمام مسائل کی ذمہ داری آمرانہ ادوار اور سیاست میں فوج کے کردار کو قرار دیکر عوام کو فوج سے بدظن کررہے ہیں تو دوسری جانب کراچی کے کنٹونمنٹ ایریاز میں چارج پارکنگ ٹھیکیدار موٹر سائیکل اور کار پارکنگ کے نام پر من مانی فیسوں کی وصولی کے ذریعے عوام سے لوٹ مار کرکے عوام میں فوج کیخلاف نفرت پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فانڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ عدالت نے کراچی میں موٹر سائیکل پارکنگ فیس 5 روپے اور کار پارکنگ فیس 20 روپے مقرر کی ہے مگر کنٹونمنٹ ایریاز میں موٹر سائیکل پارکنگ فیس 20 روپے جبکہ کارپارکنگ فیس 50 روپے وصول کی جارہی ہے اور زائد فیس وصولی کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بناکر عوام میں فوج کیخلاف غم و غصے کو جنم دیا جارہا ہے اسلئے فوج کے تشخص کے تحفظ کیلئے آرمی چیف اور عدلیہ اس معاملے کی جانب توجہ دیکر اس مذموم سازش کو ناکام بنانے کیلئے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔