آصف علی زرداری نے طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کر دی

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کر دی جس میں نیب اور احتساب عدالت نمبر دو کو فریق بنایا گیا ہے۔

آصف علی زرداری نے موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے دل کی بیماری لاحق ہے اور تین اسٹنٹ بھی ڈالے جاچکے ہیں، شوگر کا مرض ہے اور شوگر لیول کنٹرول کرنے کے لیے مستقل علاج کی ضرورت ہے۔

آصف زرداری نے میڈیکل رپورٹس درخواست کے ساتھ منسلک کرکے استدعا کی کہ انہیں متعدد بیماریاں لاحق ہیں، لہذا علاج کے لیے ضمانت منظور کی جائے۔

فریال تالپور نے درخواست ضمانت میں کہا کہ اسپیشل بچی کی والدہ ہوں، اس کی دیکھ بھال کے لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔