آسٹریلیا: اسکول میں حادثے کے نتیجے میں پانچ بچے ہلاک

Australia School Accident

Australia School Accident

ڈیونپورٹ (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک پرائمری اسکول کی تقریب کے دوران تیز ہواؤں کے سبب ’باؤنسی کاسل‘ زمین سے دس میٹر اوپر اٹھ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم پانچ بچے ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

آسٹریلوی ریاست تسمانیہ کے شہر ڈیونپورٹ کے ہل کرسٹ پرائمری اسکول میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تعلیمی سال کے اختتام کی مناسبت سے ایک تقریب جاری تھی۔ پولیس کے مطابق یہ بچے باؤنسی کاسل یعنی ہوا سے بھرے غبارے نما محل میں کھیل رہے تھے۔ اچانک تیز ہواؤں کے باعث یہ باؤنسی کاسل زمین سے دس میٹر یا تینتیس فٹ اوپر اٹھ گیا، جس کے نتیجے میں بچوں کو شدید چوٹیں آگئیں۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے میں پانچ بچے ہلاک ہوگئے اور دیگر چار زخمی بچوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ یہ باؤنسی کاسل اسکول میں سال کے اختتام پر ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں لگایا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ آج جمعرات کی صبح دس بجے پیش آنے والے اس واقعے میں دو لڑکیوں اور دو لڑکوں کی موت ہوئی ہے۔ بعد ازاں مقامی میڈیا نے ایک اور بچے کی ہلاکت کا بتایا۔

دریں اثناء آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے ایک ٹویٹ میں لکھا، ”میرا دل ان تمام لوگوں کے لیے افسردہ ہے جو آج تسمانیہ میں ہل کرسٹ پرائمری اسکول کے اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔‘‘ انہوں نے ہلاک شدگان کے لواحقین سے افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔

اس افسوسناک حادثے کے بعد ریسکیو عملے کے ساتھ ساتھ اسکول کے گرد یہلی کاپٹر پرواز کرتے دیکھے گئے۔ آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق کئی متاثرہ بچوں کے والدین بھی حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد فوراﹰ اسکول کے باہر پہنچ گئے۔