ایبولا کا خوف روک تھام میں رکاوٹ بن گیا، عالمی بینک

World Bank

World Bank

ایتھوپیا (جیوڈیسک) عالمی بینک کے صدر جم یانگ کم نے کہا ہے کہ ساری دنیا مغربی افریقا میں پھیلنے والے وائرس ایبولا کے خوف میں مبتلا ہو چکی ہے، یہ صورتحال وائرس کی روک تھام میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے، یہ ایک انتہائی پریشان کن صورتحال ہے جس سے ہر قیمت پر نکلنا ہو گا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور افریقی یونین کی چئیرپرسن کو سازانا زوما کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے عالمی بینک کے صدر نے کہاکہ ایبولا وائرس کی روک تھام کیلئے فوری طور پر ڈاکٹروں اور طبی کارکنوں سمیت5 ہزار افراد کی سخت ضرورت ہے، افسوس کہ یہ لوگ خوفزدہ ہونے کی وجہ سے وائرس کی روک تھام کیلئے جاری جدوجہد میں شریک نہیں ہورہے ہیں، میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں، انسانیت کو اس وائرس سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، یہ ان کے پیشے کا تقاضا ہے جسے پورا کرنا ان کا فرض ہے۔

عالمی بینک کے صدر نے کہا کہ یہ حقیقت پریشان کن ہے کہ اب تک 10ہزار سے زائد افراد ایبولا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور ہلاک شدگان کی تعداد 4922 ہو چکی ہے، تاہم بھرپور جدوجہد کے ذریعے اس بلا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے، اس کیلئے وسائل ہی نہیں بلکہ انسانی خدمت کا جذبہ اور عزم و ارادہ بھی ضروری ہے۔