ایفی ڈرین کیس، گیلانی اور مخدوم شہاب کے خاندانوں کے اثاثوں کی تفصیلات جمع

Makhdoom Shahab Gilani

Makhdoom Shahab Gilani

راولپنڈی (جیوڈیسک) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،ان کی اہلیہ فوزیہ گیلانی ،بیٹے علی موسی گیلانی اور عبدالقادر گیلانی سمیت مخدوم شہاب الدین نے انسداد منشیات کی عدالت میں اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرا دی ہے۔

راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ فوزیہ گیلانی، بیٹے علی موسی گیلانی،عبدالقادر گیلانی اور مخدوم شہاب الدین سمیت پندرہ ملزمان سے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر ہدایات جاری کی تھیں کہ ملزم بتائیں کہ ان کے ذرائع آمدن کیا تھے اور اثاثہ جات کہاں سے بنائے۔ عدالت نے حکم جاری کیا تھا کہ ملزم تیرہ جولائی تک اپنا تحریری جواب داخل کرائیں جس پر علی موسی گیلانی، قادر گیلانی اور مخدوم شہاب الدین کے اہل خانہ نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات عدالت میں جمع کرا دیں،کیس کی مزید سماعت تیس جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔