پشاور دھماکا: شہدا کی تدفین جاری، اندراج مقدمہ کیلئے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال

Peshawar Blast

Peshawar Blast

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔

پشاور کے علاقے قصہ خوانی کی جامع مسجدکوچہ رسالدار میں جمعہ کے روز ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 57 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 190 سے زائد زخمی ہیں۔

شہر کی فضا سوگوار ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی نماز جناز و تدفین کا سلسلہ بھی جاری ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نےمسجد کا محاصرہ کررکھا ہے اور اس میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں۔

پشاور دھماکے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمہ انسداد دہشتگردی کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جو ایس ایچ او کی مدعیت میں جاری کیا گیاہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس اہلکاروں کونشانہ بنایا اور حملہ آور نے مسجد کے اندر نمازیوں پر فائرنگ کی پھر خودکش دھماکا کیا، دھماکے سے مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ تقریباً ایک بجکر 55 منٹ پر ہوا جس میں حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی اور پھر مسجد کے اندر جاکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔