ایفی ڈرین کیس : حنیف عباسی اے این ایف اہلکاروں پر برس پڑے

Hanif Abbasi

Hanif Abbasi

راولپنڈی (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں اپنے بھائی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر اے این ایف کے اہلکاروں پر برس پڑے، حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ وہ فوج سے معافی مانگتے ہیں۔

فوج اگرچاہتی ہے کہ میں سیاست چھوڑ دوں تو چھوڑ دیتا ہوں، میرے بھائی کو رہا کردیں۔ ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کے بھائی باسط عباسی کو دیگر ملزمان کے ساتھ راولپنڈی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر حنیف عباسی اے این ایف کے اہلکاروں پر برس پڑے۔

انہوں نے باسط عباسی کو لانے والے اے این ایف کے اہلکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے ان لوگوں سے کیا خود کش جیکٹ یا بم برآمد کرنا ہے، آپ نے ان لوگوں کا کیا حال کیا ہوا ہے۔ اس موقع پر گفت گو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ وہ فوج سے معافی مانگتے ہیں، فوج چاہتی ہے کہ وہ سیاست چھوڑ دیں تو وہ سیاست چھوڑ دیتے ہیں، ان کے بھائی کو رہا کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔

اے این ایف ان کے بھائی اور دیگرساتھیوں سے ناروا سلوک کررہی ہے، وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔ حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی اور ساتھیوں کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر ساری رات بھوکا رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پھنسانے والے سن لیں وہ ان کے ہاتھ نہیں آئیں گے۔