لاپتہ افراد کیس : پرویز مشرف سمیت 12 افراد کے بیانات حلفی جمع کرانے کا حکم

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں مسعود جنجوعہ کی بازیابی کیلئے آمنہ مسعود جنجوعہ کی درخواست پر سابق صدر پرویز مشرف سمیت 12 افراد کے بیانات حلفی جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل بینچ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار آمنہ مسعود جنجوعہ نے عدالت سے استدعا کی وہ سابق صدر پرویز مشرف سمیت 12 افراد کے بیانات پر ان سے جرح کرنا چاہتی ہیں جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو سابق صدر پرویز مشرف سمیت 12 افراد کے بیانات حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔

جن افراد کے بیانات حلفی طلب کئے گئے ہیں ان میں سابق صدر پرویز مشرف، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفقات، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم تاج، میجر جنرل نصرت نعیم، سابق سیکریٹری داخلہ کمال شاہ، سابق سیکریٹری دفاع اطہر علی بھی شامل ہیں۔ عدالت نے سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔