آزاد کشمیر کی خبریں Feb 18, 2013

بھمبر (جی پی آئی)پیپلزپارٹی کے بانی راہنماو بزرگ سیاستدان چوہدری صحبت علی کی وفات پر تعزیت کرنے والوں کا دوسرے دن بھی تانتا بندھا رہا تعزیت کرنے والوں میں سابق صدر ریاست راجہ محمد ذوالقرنین خان،سابق سینئر وزیر حکومت ملک محمد نواز،وزیر زراعت ماجد خان،وزیر ماحولیات محترمہ شازیہ اکبر ،چیف جسٹس سپریم کورٹ اعظم خان،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عاشق ،سیکرٹری شاہرات فیاض عباسی ،ایڈیشنل سیکرٹری مالیات ممتاز میر،مشیر حکومت سردار عبدالرزاق خان،وزیر مال چوہدری علی شان سونی،مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری سعید احمد،مسلم کانفرنس کے سابق چیف آرگنائزر فداحسین کیانی،جسٹس شریعت کورٹ چوہدری مشتاق احمد،جموںوکشمیر جرنلسٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر حافظ محمد مقصود،مسلم لیگ ن پنجاب کے راہنما چوہدری عابد رضا،(ر)چیف جسٹس خواجہ شہاد احمد ،سابق وزیر تعلیم فارق طاہر،چوہدری شاہد اقبال ڈڈیال کوآرڈینیٹروزیر اعظم انصرمحمود غزالی،ایڈیشنل سیکرٹری راجہ عبدالرزاق ،ممتاز علی خاکسار،سابق امید وار اسمبلی چوہدری عبدالرزاق،سابق ممبر اسمبلی راجہ مقصود احمدخان،بشارت عباسی،مشیر حکومت صاحبزادہ ذوالفقار علی ،ر(ر)سیکرٹری چوہدری عنایت اللہ،ڈپٹی کمشنر (ر)ارشد محبوب ،سابق چیف جسٹس چوہدری ریاض اختر،ناظم عمارات چوہدری خادم حسین ،پیپلزپارٹی کے راہنما چوہدری عظیم بخش،عبدالمجید چیئرمین KDA،ایڈیشنل کمشنر میرپور راجہ فضل الرحمن ،(ر)محتسب چوہدری محمد رشید ،ایس پی کوٹلی چوہدری منیر،ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری مسعود الرحمن ،سیاسی و سماجی راہنما چوہدری حق نواز گڑھاللیاں،اسسٹنٹ کمشنر چڑھوئی چوہدری محمد ایوب،ایکسین چوہدری احمد علی ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ محمد الیاس ،سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری محمد نواز،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل کوٹلی چوہدری شوکت فرید ایڈووکیٹ ،ڈاکٹر محبوب چوہدری ،چیئرمین راجہ محمد سرور،سابق چیئرمین چوہدری محمد اسلم،سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد نسیم ،چوہدری محمد مقبول سمیت دیگر شامل تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (جی پی آئی)ڈپٹی اپوزیشن لیڈرچوہدری طارق فاروق ،سابق وزیر حکومت مرزا محمد شفیق جرال ،سابق چیئرمین زکوة و عشر مرزا محمد اسلم ،مرزا محمد نواز ایڈووکیٹ ،مرزا زبیراقبال،حافظ اظہر اقبال نے کشمیر پریس کلب بھمبر کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مرزا ندیم اختر کے والدمحترم کی وفات پر انکے گھر جاکر تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعامغفرت اور پسماندگان کیلئے دعائے صبر وجمیل کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)سابق سینئر وزیر چوہدری صحبت علی کی رسم قل مرکزی جامعہ مسجد بھمبر میں دعائیہ تقریب سابق صدر ریاست راجہ محمدذوالقرنین خان،سابق چیف جسٹس،خواجہ شہاد احمد ،مشیر حکومت سردار عبدالرزاق،سابق صدرپاکستان فیڈریشن چیمبر آف کامرس چوہدری سعید احمدسمیت اعلیٰ سول و قومی حکام سیاسی و سماجی شخصیات حلقہ بھمبر سے عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر مرکزی جامع مسجد بھمبر کے خطیب پروفیسر مولانا محمد امین الدین نے اپنے خطاب میں کہاکہ چوہدری صحبت علی نے نہ صرف کامیاب سیاسی زندگی بسر کی اور مظلوم عوام کو ان کے حقوق دلائے اور عزت سے جینا سکھایا لبکہ دین اسلام کی بھرپور خدمت کی مرکزی جامعہ مسجد کی تزین و آرائش کیلئے بھرپور کوششیں کیں مرحوم مرکزی جامعہ مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ تھے انہوں نے مدرسے کے اجراء اور دین کی تدوین کی قابل قدر خدمات انجام دیں جو ان کی آخری زندگی کیلئے بھی سرمایہ افتخار ثابت ہو گا انہوں نے کہاکہ چوہدری صحبت علی کی دینی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا آخر میں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا مغفرت اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)چوہدری صحبت علی کی سیاسی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں چوہدری صحبت علی نے مشکل ترین حالات میں مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کو عزت سے جینے کا حق دلایا اور ظالم سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے کی واضح مثال پیش کی ان خیالات کااظہار وزیر زراعت عبدلماجد خان،وزیر ماحولیات محترمہ شازیہ اکبر ،وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید ،وزیر مال چوہدری علی شان سونی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما عظیم بخش نے زمیندارہ ہاؤس بھمبر میں چوہدری صحبت علی مرحوم کی تعزیت کے موقع پر اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ مرحوم نے پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور بھٹو مرحوم کو بھمبر میں جلسہ عام کی دعوت دی مرحوم چوہدری صحبت علی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قابل اعتماد ساتھی تھے مرحوم نے پارٹی کیلئے بے پناہ خدمات انجام دیں چوہدری صحبت علی جیسے عظیم راہنماؤں کی بدولت آج پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں برسراقتدار ہے اور غریب عوام کی خدمت میں مصروف ہے انہوں نے کہاکہ مرحوم کے صاحبزادے اور سیاسی جانشین چوہدری انوار الحق کیساتھ ملکر مرحوم کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)الخیر یونیورسٹی بھمبر کیمپس تعلیم کے نام پر فراڈ ،نہ مطلونہ سٹاف نہ معیار تعلیم پچھلی تاریخوں میں ڈگریاں بانٹنے کا دھندہ عروج پر گلی محلوں میں بننے والی یونیورسٹی نے تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا طلباء بغیر یونیورسٹی آئے بغیر امتحان دیئے محض پیسوں کے عوض ڈگریاں لینے لگے حکومت نے آنکھیں موند لیں تفصیلات کیمطابق الخیر یونیورسٹی بھمبر تعلیم کے نام پر دولت کمانے کا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے گلی محلوں میں دوکانیں سجا کر تعلیم کے نام پر کاروبار اور ڈگریاں بانٹی جارہی ہیں بھمبر کیمپس قائم ہوئے ابھی ایک سال ہو اہے ڈگریاں کئی سال پرانی تاریخوں میں دی جا رہی ہیں یونیورسٹی میں بظاہر کئی شعبے کام کررہے ہیں لیکن مطلوبہ معیار کا سٹاف کسی بھی شعبہ میں نہیں ہے طالبعلم گھر بیٹھے بغر پڑھے فیسیں دیکر ڈگریاں حاصل کررہے ہیں آزادکشمیر میں قائم سفارشی کلچر میں یہ ڈگریاں لیکر مستحق لوگوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالاجارہاہے حکومت اور ذمہ داران اپنا حصہ بٹور کر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں اور تعلیم کے نام پر مکروہ کاروبار جار ی ہے عوامی حلقوں تعلیمی حلقوں ، طلباء اور پڑھے لکھے بے روز گار نوجوان اس مکروہ کاروبار پر شدید بے چینی کا شکار ہیں اور حکومت آزادکشمیر اور محکمہ تعلیم کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک ہونے اور تعلیم کے گرتے ہوئے معیار کو بچانے کیلئے غیر معیاری اور گلی محلوں میں کھلے نام نہاد تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)مسلم کانفرنس کے مرکزی راہنما سردار عثمان عتیق ،سابق سینئر وزیر اور مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدر ملک محمد نواز،سابق وزیر جنگلات اور مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزرمرزا شفیق جرال ،سابق وزیر تعلیم سردار فاروق احمد طاہر،مرکزی راہنما فداحسین کیانی اور مشیر حکومت سردار عبدالرزاق خا ن نے سابق سینئر وزیر چوہدری صحبت علی کی سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری صحبت علی نے خطے کے پسماندہ طبقات کو زبان دی انکے حقوق کی جنگ لڑی اور غریب طبقات کو ان کے حقوق دلائے ان خیالات کااظہار انہوں نے زمیندارہ ہاؤس بھمبر میں چوہدری صحبت علی کے بیٹوں وائس چیف آف جنرل سٹاف جنرل اکرام لحق ،سابق سپیکر چوہدری انوار الحق اور ڈاکٹر انعام الحق چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ چوہدری صحبت علی نے عوامی خدمت کی ایک طویل اننگز کھیلی مرحوم آزادجموں وکشمیر اسٹیٹ کونسل اور اسمبلی کے کئی مرتبہ رکن اور وزیر بنے اور عوامی خدمات انجام دیں انکی عوامی خدمات کا صلہ ہے کہ لوگ انہیں بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ غازی ملت سردار ابراہیم ،مجاہد اول سردار عبدالقیوم ،کے ایچ خورشید مرحوم ،چوہدری نور حسین اور چوہدری صحبت علی نے ریاست کی عوام بے پناہ خدمات انجام دی ہیں وصفداری کی سیاست کو فروغ دیا باہمی احترام کی سیاست کو فروغ دیا اور ریاست کے عوام کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)پیپلزپارٹی تحصیل بھمبرکے صدر چوہدری ظفراقبال مہر ،سٹی صدر چوہدری سعید خادم ایڈووکیٹ ،تحصیل سماہنی کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظفراقبال کڈیالوی ،چوہدری وحید اکرم پونا ،تحصیل چیف آرگنائزر بھمبر چوہدری شکیل احمد مکہال،تحصیل بھمبر کے صدرطاہرسلیم ،سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری طاہر محمود،راجہ غفاراحمد گوگا ،مرزامحمد اشرف جاپانی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں پیپلزپارٹی کے بانی راہنما و بزرگ سیاستدان چوہدری صحبت علی کی اچانک وفات پر گہرے دکھ و رنج کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)چوہدری صحبت علی آزادکشمیر کی سیاست کا ایک درخشندہ ستارہ ہے زمانہ طالبعلمی سے لیکر زندگی کے آخری ایام تک حق و سچ کی سیاست کرتے رہے غریب اور مظلوم لوگوں کے حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ ن بولٹن گریٹرمانچسٹر کے صدرراجہ جلیل الرحمن آف پنجیڑی نے کیا انہوں نے کہاکہ مرحوم نہ صرف ضلع بھمبر بلکہ پورے آزادکشمیر کے اندر سیاست کے میدان میں ایک بااصول اور حقیقت پسند سیاستدان کے طور پر جانے پہچانے جاتے تھے انہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ضلع بھمبر کے اندر برادری ازم کے تعصب کو ختم کرنے میں انکا بنیادی کردار تھا آزادکشمیر بھر کے اندر رواداری ،اخوت ،محبت اور بھائی چارے کی سیاست کو فروغ دیا انکی اچانک وفات سے آزادکشمیر کی سیاست میں ایک خلاء پیدا ہو اہے اس کو پر کرنے میں کافی عرصہ لگے گا انہوں نے کہاکہ ہماری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)افضل گورو کی پھانسی عالمی امن کے آقاؤں کے منہ پر زبردست طمانچہ ہے بھارت کی مکاری نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور کشمیری کو سولی پر لٹکا دیا ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ ن امریکہ کے راہنماچوہدری عرفان الحسن آف جبی نے کیا انہوں نے کہاکہ بھارت جو پوری دنیا پر جمہوریت پسندی اور آزادی کا علم بلند کرنے کا دعوے دار ہے اس نے ایک بے گناہ کشمیری کو بغیر کسی ثبوت کے پھانسی پر چڑھا دیا بھارت کے اس گھناؤنے عمل سے عالمی برادری کی خاموشی بھی کشمیریوں کیلئے ایک المیہ اور لمحہ فکریہ ہے آج سے 29سال قبل ایک عظیم کشمیری حریت راہنما مقبول بٹ شہید کو اس بدنام زمانہ تہاڑ جیل دہلی میں پھانسی دیکر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کی کوشش کی گئی لیکن بھارت سرکار وحشیانہ تشدد کئی لاکھ کشمیریوںکی شہادت کے باوجود بھی کشمیریوں کے اس جذبہ کو سرد نہ کر سکی یہ کون سا قانون ہے کہ آزادی کا حق مانگنے والے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو گولیوں اور پھانسی پر چڑھا دیا جائے افضل گورو ایک امن پسند حریت راہنما تھے اور انہوں نے ہمیشہ پر امن رہ کر کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھی انہوں نے کہاکہ بھارت کا یہ اقدام غیرانسانی فعل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے بھارت کے اس اقدام پر عالمی برادری کی خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے دوسری طرف پاکستانی سرکار بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو باعزت رہا کرنے کے درپے ہے آخر میں انہوں نے مقبول بٹ شہید اور محمد افضل گورو شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر(جی پی آئی)کشمیر پریس کلب بھمبرکا تعزیتی اجلاس زیر صدارت راجہ نعیم گل منعقد ہوا اجلاس میں پیپلزپارٹی کے بانی راہنما و بزرگ سیاستدان چوہدری صبحت علی کی اچانک وفات پر گہرے دکھ ورنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعامغفرت اور پسماندگان کیلئے دعا صبر و جمیل کی اجلاس میں ناصر شریف بٹ ،چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ،طارق محمود ثاقب،عزیز الرحمان ناز ،ملک شوکت حسین،ڈاکٹر طارق محمود شاکر،عاطف اکرم ،چوہدری سلیم ساگر ،جہانگیر پاشا،مرزا ندیم اختر،قاضی انصر زمان ،فیصل صغیرشمیم ،ظہور احمد رضا،شیرازپرویزمشتاق،عابد زبیر ،یاسین تبسم ،وسیم نذر،مرتضیٰ گیلانی ،چوہدری محمد ارشدسمیت دیگر نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (جی پی آئی)کسٹوڈین بھمبر کی عمارت کی تعمیر کا ساڑھے پانچ کروڑ کے ٹھیکے کا مک مکا من پسند ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دینے کا پلان مکمل انجنیئرنگ کونسل کے رجسٹرڈ ٹھیکیداروں کو ٹینڈر فارم جاری کرنے کی بجائے آئندہ کاموں میں اکاموڈیٹ کرنے کالالچ ٹینڈر بھمبر میں باکس کرنے کی بجائے میرپور باکس کرنے کا فیصلہ لاکھوں روپے سالانہ ٹیکس دینے والے ٹھیکیداروں کا مک مکا پر شدید احتجاج تفصیلات کیمطابق کسٹوڈین بھمبر کی عمارت کی تعمیر کاساڑھے پانچ کروڑ روپے کاٹھیکہ دینے کیلئے اعلیٰ حکومتی شخصیات محکمہ تعمیرات عامہ اور ٹھیکیدار کے درمیان مک مکا ہو گیا اعلیٰ حکومتی شخصیات نے اپنا حصہ وصول کرکے من پسند ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دینے کا پلان بنالیا ٹھیکیداروں سے ٹینڈر خفیہ رکھنے کیلئے اخباری اشتہارکو بھی خفیہ رکھا گیا انجینئرنگ کونسل کے رجسٹرڈ ٹھیکیداروں کو ٹینڈر کے کمپٹیشن میں شامل کرنے کی بجائے انہیں آئندہ کسی اور کام میں اکاموڈیٹ کرنے کا لالچ دیکر خاموش کروایا جارہا ہے محکمہ تعمیرات عامہ نے کسٹوڈین بھمبر کی عمارت کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کیلئے ٹینڈر بھمبر میں باکس کرنے کی بجائے میرپور میں باکس کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاںاعلیٰ حکومتی شخصیات کیساتھ مک مکا کرنے والے من پسند ٹھیکہ دار کو ٹھیکہ دینے کیلئے جہاں تمام پراسیس کو خفیہ رکھنے کی کوشش ہو رہی ہے وہی ایک ٹھیکہ دار کے تین ٹینڈرفارم رکھ کر اسے ٹھیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر انجینئرنگ کونسل کے رجسٹرڈ ٹھیکیداروں نے شدیداحتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ہم سالانہ لاکھوں روپے ٹیکس دیتے ہیں لیکن ٹھیکے من پسند ٹھیکیداروں اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کے درمیان مک مکا کرکے انکی بند ربانٹ کرلی جاتی ہے چیف سیکرٹری آزادکشمیر اور چیئرمین احتساب بیورو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسٹوڈین بھمبرکی عمارت کی تعمیر کے ٹھیکے کی بندر بانٹ کا نوٹس لیں اور اس میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
۔۔۔۔۔۔
بھمبر (جی پی آئی )تحصیل سماہنی کے نواحی گائوں گاہی سے 20جنوری کو اغوا ہونے والے چوتھی جماعت کے طالبعلم حمزہ سرور کے اغوا ،اس کے بہیمانہ ،اندھے قتل اور 5فروری کو اس کی مسخ شدہ لاش ملنے کے بعد عوام علاقہ کے ردعمل اور مجموعی واقعات کا پتہ لگانے کے لئے صحافیوں نے مقتول کے گھر واقع گاہی سماہنی کا دورہ کیا اور مقتول کے لواحقین ،عوام علاقہ ودیگر سے معلومات حاصل کیں اور ان کے تاثرات معلوم کئے ،گاہی پہنچنے پر مقتول بچے کے والد غلام سرور نے صحافیوں کو بتایا کہ اسکا بچہ بیس جنوری کو اپنے گائوں میں ایک شادی میں گیا اور شادی سے واپسی پر گھر کے قریب سے ہی راستے میں نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ،میںچونکہ پاک فوج میں ملازمت کرتا ہوں اور اس روز اپنی جائے ملازمت پر تھا بچے کے اغوا کا سن کر گھر پہنچا اور مقامی افراد کے ساتھ مل کر بچے کی تلاش شروع کی ،واقع کی اطلاع پولیس تھانہ چوکی میں بھی دی جنھوں نے بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کیا ،غلام سرور نے بتایا کہ ہم نے کونہ کونہ چھان مارا لیکن بچے کا کوئی سراغ نہ ملا ،گاہی گائوں کے سرکردہ افراد نے کمیٹی تشکیل دے کر ہر سطح پر اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے انھیں بچے کے اغوا کے متعلق بتایا لیکن کہیں سے بھی کوئی نام ونشان نہ ملا ،پندرہ روز بعد پانچ فروی کی صبح بچے کی تشدد زدہ ،مسخ شدہ لاش گھر کے قریب سے ہی پڑی ہوئی ملی ،میرے بچے کو انتہائی بے دردی اور بے رحمی سے سفاک قاتلوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اس کے جسم کے اعضا کاٹے گئے اور وحشیانہ طریقہ سے قتل کیا گیا ،بچے کی لاش ملنے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور موقع پر لوگوں کا بہت بڑا ہجوم اکٹھا ہو گیا کسی کو بھی اس دلخراش واقع کا یقین نہ تھا کہ اغوا کار اور قاتل اتنے سنگ دل اور درندے ہو سکتے ہیں ،ہم غریب لوگ ہیں اور ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں ہے ،مجھے صرف انصاف چاہیے ،اگر میرا بچہ زندہ حالت میں نہیں مل سکا تو اسکے قاتلوں کو تو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے،دو ہفتے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود قاتلوں کا گرفتار نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے، حکومت آزادکشمیر ،آئی جی پولیس ،ایس پی ضلع بھمبر ہمیں انصاف فراہم کریں قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انھیں نشان عبرت بنا یا جائے ،اپنے ننھے پھول کے قتل کی المناک واردات پر مقتول کی والدہ صدمے سے شدید نڈھال ہے اور وہ کسی سے بات نہیں کرتی اس نے بھی ہاتھ جوڑ کر انصاف کی اپیل کی ،اس موقع پر موجود مقامی سیاسی وسماجی شخصیت اور جماعت اسلامی تحصیل سماہنی کے امیر چوہدری محمد کریم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکا تعلق بھی اسی گائوں سے ہے اور معصوم بچے کے اغوا اور اس کے قتل کی لرزہ خیز واردات نے علاقے بھر میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے لوگ اپنے بچوں کو سکول تک بھیجنے سے قاصر ہیں ،چوہدری محمد کریم نے کہا کہ بچے کے اغوا کے بعد پولیس نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دیں اور فرائض سے کوتاہی برتی جس کا نتیجہ اس المناک واقعہ کی صورت میں نکلا انھوں نے کہا کہ ہماری مقامی کمیٹی نے بچے کے اغوا کے بعد ہر سطع پر اعلیٰ حکام کے نوٹس میں یہ بات لائی اور پولیس کو فری ہینڈ دیا کہ وہ کسی کو بھی شامل تفتیش کریں ،لیکن بدقسمتی سے ہمارے ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور انھوں نے احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیںاس موقع پر گائوں کے دیگر افراد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ پر پورا گائوں سکتے میں ہے ،بچے کی لاش ملنے کے واقعہ پر عوام کا ردعمل اور اشتعال فطری تھا اور ڈی ایس پی پولیس کی گاڑی جلانے سمیت جو بھی واقعات ہوئے وہ عوامی ردعمل تھا ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور ہمارے گائوں کے لوگ قانون کا احترام کرنے والے ہیں ہم نے ہر ممکن پولیس سے تعاون بھی کیا ،عوام علاقہ حکومت آزادکشمیر اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مکروہ اور گھنائونی واردات کا سراغ لگا کر قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے ،انھیں سرعام پھانسی دی جائے اور ایک بیگناہ معصوم بچے کے ساتھ درندگی سے بھی بڑھ کر تشدد کرنے والوں کو عبرت کی مثال بنایا جائے ۔اگر اس واردات میں ملوث ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو شدید عوامی ردعمل سامنے آسکتا ہے ،اس بہیمانہ واردات پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ،ذمہ دار حلقے معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیں اور جتنی جلدی ممکن ہو قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (جی پی آئی)گاہی گائوں میں معصوم بچے کے اغوا اور المناک قتل کی واردات پر تعزیت کے لئے موقع پر موجود جماعت اسلامی کے سابق امیر راجہ محمد اصغر خان ،چوہدری محمد رشید بیگ ودیگر نے بھی درندگی کے اس واقع کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بچے کے والد غلام سرور کے موقف کی تائید کی اور کہا کہ پولیس فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرے پولیس سے کوئی بات پوشیدہ نہیں ہے ،پولیس سیاسی لوگوں کی آلہء کار بننے کے بجائے اگر قانون اور میرٹ پر کام کرے تو اس طرح کے واقعات رونما نہیں ہو سکتے ،تحصیل سماہنی میں قتل وغارت گری کا بازار گرم ہے اور قتل کی متعدد وارداتوں کے ملزمان تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آسکے جو موجودہ حکومت کی نااہلی ہے ،حکمران عوام پر رحم کریں اور سیاست دان جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی چھوڑ دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ جرائم کم نہ ہو سکیں ،لوگوں کی جان ،مال اور عزت آبرو کی حفاظت حکمرانوں کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن افسوس کے موجودہ حکمرانوں میں اتنی اہلیت نہیں ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (جی پی آئی) حمزہ سرور کے اغوا اور قتل کی واردات میں پولیس پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو ایس ایچ او تھانہ چوکی انسپکٹرراجہ محمد اختر خان نے بتایا کہ ایس پی بھمبر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پولیس ٹیم بچے کے اندوہناک قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں مصروف ہے ،پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے ملزمان جلد جیل کی سلاخوں کی پیچھے ہوں گے ،امن وامان برقرار رکھنا اور جرائم پیشہ عناصر کا محاسبہ کرنا پولیس کے فرائض منصبی میں شامل ہے،پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے عوام بھی پولیس فورس سے تعاون کریں ،انھوں نے کہا کہ معصوم بچے کے قاتلوں تک پہنچنے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں اور جلد عوام کو اس سلسلے میں نتائج دیں گے ،قاتل خواہ کتنے بھی بااثر ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ،پولیس تفتیش مثبت سمت میں جا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (جی پی آئی)معصوم بچے کے اغوا اور اس کے قتل کے بعد اعلیٰ حکام نے غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں ڈی ایس پی شاہد اقبال اور اس وقت کے ایس ایچ او مرزا محمد نسیم کو فوری معطل کر دیا تھا ،عوام علاقہ کے مطابق اعلیٰ حکام محض افسران کو معطل کر کے خانہ پری نہ کریں بلکہ عوام کوصرف اس بات سے غرض ہے کہ پولیس افسران واہلکاران اور انتظامی افسران کو قانون اور میرٹ کے مطابق کام کرنے کا پابند بنایا جائے ،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تخصیص کاروائی کی جائے ،پولیس کو آزادانہ اور اپنی مرضی سے کام کرنے دیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ جرائم کم نہ ہو سکیں ،حکومت اور اعلیٰ حکام عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کریں۔