آزاد کشمیر کے علماء کرام ریاست میں امن و بھائی چارہ کیلیے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، سردار محمد یعقوب خان

اسلام آباد : آزاد کشمیر کے علماء کرام ریاست میں امن و بھائی چارہ کیلیے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔پاکستان کے علماء کرام آزادکشمیر کے علماء کرام سے سبق حاصل کریں کراچی اور دیگر علاقوں سے جرائم پیشہ حضرات آزاد کشمیر میں پناہ لے سکتے ہیں علماء کرام سمیت تمام باشند گان غیر ریاستی اور اجنبی لوگوں سے محتاط رہیں۔ حکومت دینی مدارس کے مسائل حل کرنے اور زلزلہ سے متاثرہ مساجد و مدارس کی بحالی کے لیے اقدمات کرے۔

ان خیالات کا اظہار صدر ریاست سردار محمد یعقوب خان نے تمام مکاتب فکر کے اعلی سطحی وفد سے اسلام آباد کشمیر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ آزاد کشمیر و سواد اعظم اہل سنت و الجماعت آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری مولانا قاضی محمود الحسن اشرف ، تنظیم المدارس آزاد کشمیر کے صدر جمعیت علماء جموں و کشمیر کے مرکزی رہنماء مولانا پیر سید نذیر حسین شاہ گیلانی ، امیرجمعیة علماء اسلام مظفرآباد مولانا مفتی غلام رسول نقشبندی، جنرل سیکرٹری تنظیم المدارس آزادکشمیر وسابق رکن زکوة کونسل مولانا الطاف حسین سیفی، مولنا صاحبزادہ محمد فضل الحق، مولنا کبیر احمد شامل تھے۔ صدر نے عنقریب ریاستی دارالحکومت میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کا اعلی سطحی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

وفد نے تجوید القرآن ٹرسٹ آزادکشمیر کے مدرسین کی تنخواہ میں اضافہ ، صدر ذوالقرنین کے دور میں منظور شدہ تمام مکاتب کی فوری اجرائیگی اور آزاد کشمیر یونیورسٹی میں اسلامیات اور عربی کا ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے اور ایم فل اورپی ایچ ڈی کی کلاسز فوری طور پر شروع کرنے اور آئینی اداروں میں معروف اور نمائندہ علماء کرام کو مقرر کرنے اور شریعت کورٹ آزاد کشمیر میں قدیم علوم کے ماہر کسی سینئر ڈسٹرکٹ جج کو مامور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔