بغداد کے علاقے الجادریہ پر راکٹ حملہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا!

Baghdad Rocket Attack

Baghdad Rocket Attack

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد کے علاقے الجادریہ میں اتوار کی شب دو کاتیوشا راکٹ گرے ہیں لیکن ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ علاقہ بغداد کے قلعہ نما گرین زون کے نزدیک واقع ہے۔

عراقی فوج نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک کاتیوشا راکٹ بابلون ہوٹل کے نزدیک گرا ہے۔اس ہوٹل میں عراقی مسافر ٹھہرتے ہیں اور بعض اوقات حکومت کے سرکاری اجلاس بھی منعقد ہوتے ہیں۔

عراقی فوج نے ’’دہشت گرد گروپوں‘‘ پر حملے کا الزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ راکٹ بغداد کے مغربی حصے کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے امریکا کی تنصیبات کے نزدیک راکٹ گرنے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ کئی مہینوں سے بغداد کے بیچوں بیچ واقع دریائے دجلہ کے اس پار سے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کی جانب راکٹ فائر کیے جارہے ہیں۔ گرین زون میں عراقی حکومت کے دفاتر اور امریکی سفارت خانے سمیت غیرملکی مشن واقع ہیں۔

دریں اثناءعراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے غیرملکی سفارت کاروں سے ایک اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غیرملکی سفارتی مشنوں کا تحفظ کیا جائے گا اور ہتھیاروں کو صرف ریاستی سکیورٹی فورسز تک محدود کردیا جائے گا۔انھوں نے امریکا کی جانب سے بغداد میں اپنے سفارت خانے کو بند کرنے کی دھمکی کے بعد یہ نیا وعدہ کیا ہے۔

امریکا نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں پر ان راکٹ حملوں کا الزام عاید کیا ہے۔تاہم ایران نے ابھی تک امریکی الزامات کے ردعمل میں براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔