بدبودار دھواں انسانی جانوں کیلئے انتہائی خطر ناک، اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

مصطفی آباد/للیانی: مصطفی آباد کے قریبی دیہات میں قائم بھٹوں کی چمنیوں سے نکلنے والے دھویں سے دیہاتی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، محکمہ ماحولیات کی ملی بھگت سے بھٹہ مالکان کوئلے کی بجائے چمڑے کے کوڑے سے بھٹے کو آگ دیتے ہیں، بدبوداردھواں انسانی جانوں کیلئے انتہائی خطر ناک، اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد کے نواحی دیہات میں محکمہ ماحولیات کی سر پرستی میں چربی پگھلانے والی فیکٹریاں اور دیہی آبادی کے قریب لگے بھٹوں سے نکلنے والے دھواں دیہاتیوں کیلئے وبال جان بن گیا، جس کی وجہ سے دیہاتی سانس،پھپھیڑوں ودیگر خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو کر لقمہ اجل بن رہے ہیں، مذکورہ دھندہ کرنے والے افراد انتہائی با اثر ہیں۔

دیہاتیوں کی طرف سے متعدد بار دی گئی درخواستوں کے باوجود محکمہ حولیات مذکورہ افراد کے خلاف کاروائی کی بجائے اپنا حصہ وصول کرکے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔علاقہ کی سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کے ملوث افراد اور مذکورہ بھٹہ مالکان و فیکٹری مالکان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔