بیروت: ایرانی سفارتخانے کے قریب دھماکے، 7 ہلاک

Iranian embassy blasts

Iranian embassy blasts

بیروت (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق دھماکے سے سفارتخانے کا مرکزی گیٹ تباہ ہو گیا اور تین منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ منگل کی صبح ایرانی سفارتخانے کے قریب سے اچانک زور دار دھماکوں سے سفارتخانے سے متصل عمارتوں کے ساتھ ساتھ متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

دھماکوں کے فوری بعد سکیورٹی فورسزکی بڑی تعداد نے جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ایرانی سفارتخانے کی طرف آنے جانے والے راستوں کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔ دھماکوں کی نوعیت کے بارے میں اب تک متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

پہلا دھماکا ایک خود کش حملہ آور نے کیا جبکہ دوسرا دھماکا ایک کار بم کی مدد سے کیا گیا جس سے قدرِ زیادہ نقصان ہوا۔ تاہم ان اطلاعات کی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ واضع رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے لبنان میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران حزب اللہ کا اہم حامی ہے۔

حزب اللہ نے شام میں جاری خانہ جنگی میں صدر بشار الاسد کی حکومت کی امداد کے لیے جنگجو شام بھیجے ہیں۔ اس سے قبل 15 اگست کو جنوبی بیروت میں ایک بم حملے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔