بینظیربھٹوکے قاتل آزاد ہیں جبکہ عدلیہ سے انتقام لیا جارہا ہے،پارٹی رہنمائوں سے گفتگو

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کے امیدواروں میں نہ جعلی ڈگریوں والے ہیں اور نہ ہی ملک وقوم کے دشمن ہیں بلکہ محب وطن اور پڑھے لکھے افراد کو ہماری پارٹی نے الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

اسلام آباد کے حلقہ این اے 49 سے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر رفیق احمد غنچہ اور جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق کو دبانے والے ملک اور قوم کے خیر خواہ نہیں پوری قوم کو معاشی، اقتصادی، آئینی بحرانوں کی جانب دھکیل کرمعاشی حالت کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا کر پوری قوم کوکاسہ گدائی اٹھانے پر مجبور کرنے والے کس منہ سے عوام سے دوبارہ ووٹ مانگ رہے ہیں۔

جبکہ تحریک تحفظ پاکستان کا ایجنڈاپاکستان کی کایاپلٹ دے گا گذشتہ 65 برس میں حکمران طبقہ خوشحال ہوگیامگران کی بدترین کرپشن نے عوام کوانتہائی بدحال کردیا ہم بحیثیت قوم کرپٹ حکمرانوں کے خلاف کمر بستہ ہوکر جتنی جلد اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں اتنا یہ ملک کی معاشی اوراقتصادی ترقی اور قومی خوشحالی کیلئے بہترہے۔

سابقہ حکومتوںنے عوام کے مسائل سے چشم پوشی کرکے عوام کااحساس محرومی بڑھادیا انہوںنے کہا کہ بینظیربھٹوکے قاتل آزادہیں جبکہ عدلیہ سے انتقام لیا جارہا ہے۔حکمران خوداپنے وفات پانیوالے قائدین کوسیاست میں گھسیٹ رہے ہیں زرداری لیگ نے بینظیربھٹوکے مشن اورویژن کودفن کردیا۔

جبکہ ان کی تصویرکواپنے مذموم سیاسی مقاصدکیلئے استعمال کیا جارہا ہے پانچ سال ملک وقوم کو بحرانوں کا شکار کرنے والے آج کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں 11مئی ملک وقوم کی فتح کا دن ہے۔