بولیویا : جنوبی امریکی ممالک کے رہنما بولیویا پہنچ گئے

Bolivia

Bolivia

امریکی (جیوڈیسک) ایکواڈور، یوراگوئے، ارجنٹینا اور وینزویلا کے صدور جنوبی امریکی ممالک کی کانفرنس میں شرکت اور بولیویا کے صدر ایووموریلز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دارالحکومت لاپاز پہنچ گئے۔

جنوبی امریکی ممالک کے سربراہان نے بولیویا کے صدر ایوو موریلز کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر اپنے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے یورپی ممالک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اپنے ایک بیان میں جنوبی امریکی ممالک کے صدور کا کہنا تھا کہ بولیویا کے صدر کے طیارے کو شک کی بنا پر اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ دینا جنوبی امریکی ممالک کے ساتھ امیتازی سلوک، زیادتی اور ناانصافی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ صدر موریلز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور جو بھی اس افسوسناک واقعے میں ملوث ہو اس کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

یاد رہے کہ بولیویا کے صدر ایوو موریلز کے طیارے کو آسٹرین دارالحکومت ویانا میں اتارنے کی بنیادی وجہ سابقہ امریکی جاسوس اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی طیارے میں ممکنہ موجودگی تھی۔