بجٹ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا، فاروق ستار

Farook Star

Farook Star

کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ نے وفاقی بجٹ کو عوام پر بوجھ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بجٹ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ غریب عوام کے لیے بے رحمانہ اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہئے تھا، مگر اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 سالوں تک اپوزیشن میں بیٹھ کر دعوے کرنے والی مسلم لیگ ن نے ملک کی لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کے لئے کوئی پالیسی وضع نہیں کی۔ دہشت گردی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں دہشت گردی سے نبرد آزما ہونے کے لیے رقم مختص کی جانی چاہیے۔