بورے والا: پولیس بس کی کارکو ٹکر، دلہن، دولھا سمیت 8 افراد جاں بحق

Accident

Accident

بورے والا (جیوڈیسک) بورے والا میں ٹریفک حادثہ دو خاندانوں کی خوشیاں نگل گیا۔ حادثے میں نئی نویلی دلہن، دولھا اور ان کے ساتھ آنے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔ مقدمہ پولیس اہل کاروں کے خلاف درج کرکے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایک روز قبل فیصل آباد کی تحصیل سمندری اور بورے والا کے جن گھروں میں شادی کی شہنائیاں گونج رہی تھیں۔ آج وہاں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔بورے والا سے سمندری بیاہی گئی پروین، اپنے دولھا ارشد اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ میکے جارہی تھی۔ چیچہ وطنی روڈ پر وہ ہو گیا، جو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا دولھا دلہن کی کار مخالف سمت سے آنے والی پولیس کی بس سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں دولھا ارشد اور اس کی نئی نویلی دلہن پروین جاں بحق ہو گئے۔ لیکن خوفناک حادثے نے ایک پورا کنبہ بھی ختم کر دیا۔ دلہن پروین کو اپنی کار میں واپس لانے والا اس کا کزن جمیل،اس کی بیوی، 7سالہ بیٹا فرید، 10 سالہ بیٹا کامران اور 18 سالہ بھتیجی ثنا بھی حادثے کا شکار ہو گئے۔ جمیل کی 5 سالہ بیٹی فرزانہ زخمی ہوئی اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔