ضمنی انتخابات: کراچی، میرپور خاص میں ایم کیو ایم کے جلسے منسوخ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیو ایم نے کراچی اور میرپور خاص میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ہونے والے جلسے منسوخ کر دیئے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے اب یہ جلسے پیر کی شام ہوں گے۔ کراچی میں پی ایس 103، پی ایس 95 اور این اے 254 پر 22 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے تحت حیدری مارکیٹ، کورنگی اور اورنگی سمیت میرپور خاص میں بھی جلسہ عام کی تیاریاں کی گئیں جس سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلیفونک خطاب کرنا تھا۔

جلسوں کے تمام مقامات پر سٹیج بھی بنا لیا گیا جبکہ کرسیاں بھی لگا دی گئیں تاہم لندن میں الطاف حسین کی ذاتی مصروفیات کے باعث تمام جلسے شام ساڑے تین بجے کے قریب منسوخ کر دیئے گئے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل کا کہنا ہے کہ تمام جلسے کل مقررہ مقام اور وقت پر دوبارہ منقعد کئے جائیں گے۔ دوسری جانب پی ایس 103 سے ایم کیو ایم کے امیدوار عبدالرف صدیقی کا کہنا ہے کہ جن حلقوں میں ضمنی انتخابت ہو رہے ہیں۔

وہ ایم کیو ایم کے روایتی حلقے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ایم کیو ایم واضح اکثریت کے ساتھ ان حلقوں سے جیتے گی۔ ایم کیو ایم کے رہنماں کا کہنا ہے کہ متحدہ کے جلسوں کی سیکیورٹی کے لیے انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہے تاہم رینجرز اور پولیس کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کے اپنے رضاکار بھی کل ہونے والے جلسوں میں سیکیورٹی کی خدمات سر انجام دیں گے۔