پی پی کا سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ کل پیش کرنے کا فیصلہ

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے قانون کا مسودہ کل سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی تجاویز شامل کئے بغیر ہی مسودہ اسمبلی سے منظور کرانے کا امکان ہے۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے وزرا اور رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزرا نثار کھوڑو، سید اویس مظفر، شرجیل میمن اور ڈاکٹر سکندر میندھرو سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق سینئر وزیر نثار کھوڑو نے وزیر اعلی سندھ کو بلدیاتی نظام کے مجوزہ بل کے متعلق مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل اور قوم پرست رہنماوں سے ہونے والی ملاقاتوں اور رابطوں سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ ان جماعتوں کی بعض تجاویز بھی مسودے میں شامل کی گئی ہیں۔

پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی ارکان کو بلدیاتی نظام کے بل پر اعتماد میں لیا گیا اور حکمت عملی طے کی گئی کہ تمام ارکان اسمبلی پیر کو اجلاس میں لازمی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی تجاویز شامل کئے بغیر ہی پیر کو بلدیاتی نظام کے مسودے کو سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کا امکان ہے۔