کیمبرج کا مسئلہ حل، وزیر تعلیم نے طلبہ کیلئے جلد نئے گریڈز کا اعلان کر دیا

Shafqat Mahmood

Shafqat Mahmood

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج کا مسئلہ حل کرتے ہوئے طلبہ کے لیے جلد نئے گریڈز کا اعلان کرنے کی خوشخبری سنا دی۔

گزشتہ روز لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اے اور او لیول کے طلبا و طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ گریڈ جاری کرنے کے لیے طلبہ کی تعلیمی قابلیت جانچنے کا جو معیار ہے اس میں خامیاں ہیں جس کے باعث 60 فیصد طلبہ کو کم گریڈ جاری کیے گئے۔

اس سلسلے میں ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہماری انتھک کوششیں رنگ لے آئیں، کیمبرج نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں کی جانب سے پیش کردہ گریڈ سے کم گریڈ نہیں دے گا اور کیمبرج جلد ہی نئے گریڈز کا بھی اعلان کرے گا۔

کیمبرج نے اعلان کیا ہے کہ جون 2020 میں دیے جانے والے گریڈز اسکولوں کے تجویز کردہ گریڈ سے کم نہیں ہوں گے، گزشتہ ہفتے دیے جانے والے نتائج میں جہاں حاصل کردہ گریڈ تجویز کردہ گریڈ سے زیادہ ہوئے، وہاں بڑا گریڈ لاگو ہوگا۔

کیمبرج کا کہنا ہے نئے گریڈز جلد ہی یونیورسٹیوں اور داخلہ دینے والے اداروں کو ارسال کیے جائیں گے، نئے گریڈز کیمبرج انٹرنیشنل ڈائریکٹ پر بھی پوسٹ کیے جائیں گے۔