حکومت کا ملک میں کورونا کی تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

Coronavirus Pakistan

Coronavirus Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت نے کورونا کے حوالے سے عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اسد عمر نے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور کورونا کے حوالے سے تمام پابندیوں کوختم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70 فیصد افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہےجب کہ وبا ختم نہیں ہوئی، ختم ہونے کے مراحل میں ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا فری ہونے کے قریب ہے جس کے باعث شادی، انڈور ڈائننگ سمیت مارکیٹوں میں عائد پابندیاں بھی اٹھالی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے انسداد کورونا کے ادارے این سی او سی کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔