کینیڈا : تیل لے جانے والی ٹرین کو حادثہ، ایک شخص ہلاک، 80 لاپتہ

Canada

Canada

اوٹاوا (جیوڈیسک) کینیڈا میں تیل لے جانے والی ٹرین کوحادثے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ دھماکوں اور آگ لگنے سے کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں اور 80 افراد لاپتہ ہیں۔امریکی ریاست شمالی ڈکوٹا سے آنے والی ٹرین کی 70 بوگیاں خام تیل سے بھری تھیں۔ خود کار نظام کے تحت چلنے والی ٹرین میں ڈرائیور نہیں تھا۔ ٹرین کیوبیک صوبے کے چھوٹے سے شہر لیک میگِنٹک lake megantic کے مرکزی علاقے میں پہنچی تو اس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

زوردار دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا اور ہر طرف آگ لگ گئی۔ریلوے لائن کے قریب واقع کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ پولیس نے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 80 افراد لاپتہ ہیں۔

امدادی ٹیموں نے حادثے کے مقام سے ایک کلومیٹر دور تک تمام افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا جن کی تعداد 6 ہزار بتائی جاتی ہے۔ ابھی تک حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔